چندی گڑھ، 28؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پنجاب کے وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل نے آج کہا کہ جنگ میں شہید ہوئے فوجیوں کی بیواؤں کے لیے زمین کے الاٹمنٹ کے مطالبہ کو حکومت کی پالیسیوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا یا اس کے بدلے میں معاوضہ دیا جائے گا۔ بادل نے شہیدوں کی بیواؤں کے وفد سے ملاقات کی اور کاروائی مکمل کرنے کے لیے ان سے کچھ اور وقت دینے کی اپیل کی۔شہداء کے لواحقین حکومت کی پالیسیوں کے مطابق زرعی زمین کے الاٹمنٹ یا اس کے بدلے مالی معاوضہ کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران وزیر اعلی نے ریاست کے مالیاتی کمشنر(ریونیو)کے بی ایس سدھو سے فون پر بات کی، جو ایک سرکاری میٹنگ کے لیے ابھی دہلی میں ہیں اور ان سے شہیدوں کے لواحقین کی بات کو صبروتحمل اور ہمدردی کے ساتھ سننے کے لیے کہا اور اس مسئلے کا مناسب حل نکالنے کی ہدایت دی ۔اس کے بعد سدھو نے وفد سے ملاقات کے لیے 30؍ستمبر کی تاریخ مقرر کی۔بادل نے امید ظاہر کی کہ میٹنگ میں مسئلے کا حل نکل آئے گا۔